ریو دی جنیریو،13اگست (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) پری کوارٹر فائنل میں اپنے حریف پر بااثر جیت درج کرنے کے بعد اعتماد سے لبریز ہندوستانی باکسر وکاس کرشنن نے کہا کہ ریو اولمپکس میں وہ طلائی سے کم پر اکتفا نہیں کریں گے۔وکاس نے ترکی کے اوڈیر سپل کو 75کلو مڈل مقابلے میں 3.0سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی،اب اس کا سامنا ازبکستان کے بیکتومر میلکجیو سے ہوگا۔وکاس نے کہا کہ وہ گروپ میں سب سے مشکل حریف ہے،اگر میں اسے شکست دے سکا توطلائی جیت لوں گا،میں چاندی یا کانسہ نہیں لوں گا،یا تو خالی ہاتھ لوٹوں گا یا طلائی کے ساتھ،اسے شکست دیا توطلائی جیتنا پکا ہے۔اس نے کہا کہ وہ کافی طاقتور اور بھاری ہے لیکن اس کا قد لمبا نہیں ہے،اس کے پاس طاقت اور دم خم ہے اور وہ نوجوان ہے۔گزشتہ سال ایشیائی چمپئن شپ میں اسی حریف سے ملی ہار کے بارے میں اس نے کہا کہ میں اس وقت فارم میں نہیں تھا جبکہ وہ اپنا بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا تھا،اب میں نے لے حاصل کر لی ہے۔اس نے کہا کہ وہ اور اس کی ذاتی کوچ جگدیپ ہڈا اب آرام کرکے 15اگست کو ہونے والے میچ سے ایک دن پہلے ہی اس کی حکمت عملی بنائیں گے۔اس نے کہا کہ میں دو رات آرام کروں گا اور مقابلے سے ایک دن پہلے حکمت عملی بناؤں گا،میں تناؤ سے آزادرہ کر دوستوں کے ساتھ مذاق کرنا چاہتا ہوں،میرا دوست آیا ہے اور ذاتی کوچ بھی ہے۔ہم تازہ ہوکر اگلا مقابلہ کھیلنا چاہتے ہیں۔